صدف کی شاندار 98 رنز کی اننگز، پاکستان ویمن کی زمبابوے کے خلاف ریکارڈ فتح

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمن ٹیم نے زمبابوے کو 168 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 36.4 اوورز میں 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی رنز کے اعتبار سے ون ڈے فارمیٹ میں دوسری بڑی فتح ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ زمبابوے ویمن ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلی دو طرفہ ون ڈے سیریز ہے۔ اس فتح کے بعد آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ میں پاکستان کے چار میچوں میں چار پوائنٹس ہوگئے ہیں۔

میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ اوپننگ بیٹر صدف شمس 98 رنز بنا کر نمایاں رہیں، وہ اپنی سنچری سے محض دو رنز کی دوری پر آؤٹ ہوئیں۔ انہوں نے گل فیروزہ کے ساتھ مل کر 162 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، جو پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں دوسری بلند ترین اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔ گل فیروزہ نے 50 رنز بنائے۔

مڈل آرڈر میں سدرہ امین نے 67 جبکہ نجیبہ علوی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 56 رنز بنائے۔ نجیبہ علوی نے صرف 24 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جو کہ پاکستانی ویمن کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کپتان فاطمہ ثنا کے پاس تھا جنہوں نے 35 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی۔

زمبابوے کی جانب سے پریشس مارانگی نے 39 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹرز پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے بے بس نظر آئیں۔ بیلووڈ بیزا 53 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

پاکستان کی جانب سے تسمیہ رباب، فاطمہ ثنا اور سیدہ عروج شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیبیو کرنے والی بائیں ہاتھ کی اسپنر مومینہ ریاست نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار کارکردگی پر صدف شمس کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ بدھ کے روز کھیلا جائے گا۔

ویب ڈیسک

Recent Posts

تائیوان کا تنازعہ: ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات میں سب سے اہم ایشو

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…

1 مہینہ ago

پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کے لیے پارٹی رہنماؤں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کے حوالے

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…

1 مہینہ ago

اسکاٹ ریٹر کی جانب سے پاکستان کو نوبل انعام دینے کی حمایت

اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…

1 مہینہ ago

گلگت بلتستان میں دانش اسکولوں کا قیام: خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…

1 مہینہ ago

کراچی: پانی چوری روکنے والا پولیس اسٹیشن خود کرپشن کے الزامات کی زد میں

کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…

1 مہینہ ago

امریکی صدر ٹرمپ کا دورہ چین: ایک ٹریلین ڈالر مالیت کے حامل بڑے کاروباری رہنما ہمراہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…

1 مہینہ ago