190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کے کرپشن ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سزا کے خلاف مرکزی اپیل کی سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے بعد کیا جس میں وکلاء کو اپنے مؤکل سے ملاقات اور پاور آف اٹارنی پر دستخط کروانے کی استدعا کی گئی تھی۔

گزشتہ برس جنوری میں احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کو 14 برس اور بشریٰ بی بی کو 7 برس قید کی سزا سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ جس میں چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں، اس کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

عدالتی کارروائی کے دوران نیب کے پراسیکیوٹرز جاوید ارشد اور رفیق مقصود پیش ہوئے۔ نیب کی جانب سے التوا کی درخواست کی مخالفت کی گئی تاہم عدالت نے وکلاء کو دلائل مکمل کرنے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو دلائل پیش کرنے کا حتمی موقع دیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقاتوں کا شیڈول پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ اس سے قبل پیر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواستیں یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی تھیں کہ مرکزی اپیلیں پہلے ہی سماعت کے لیے مقرر ہیں۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ ان پر 190 ملین پاؤنڈ کے علاوہ توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی سزائیں عائد ہیں جبکہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق انسداد دہشت گردی کے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں۔ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس القادر ٹرسٹ سے متعلق ہے جس میں الزام ہے کہ قومی خزانے میں جمع ہونے والی رقم ایک پراپرٹی ٹائیکون کو منتقل کی گئی۔ بانی پی ٹی آئی ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔

دریں اثنا وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف چالان اسپیشل کورٹ (کمرشل بینکنگ سرکل) اسلام آباد میں جمع کروا دیا ہے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے اسکروٹنی مکمل ہونے کے بعد کیس کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔

ویب ڈیسک

Recent Posts

تائیوان کا تنازعہ: ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات میں سب سے اہم ایشو

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…

1 مہینہ ago

پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کے لیے پارٹی رہنماؤں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کے حوالے

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…

1 مہینہ ago

اسکاٹ ریٹر کی جانب سے پاکستان کو نوبل انعام دینے کی حمایت

اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…

1 مہینہ ago

گلگت بلتستان میں دانش اسکولوں کا قیام: خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…

1 مہینہ ago

کراچی: پانی چوری روکنے والا پولیس اسٹیشن خود کرپشن کے الزامات کی زد میں

کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…

1 مہینہ ago

امریکی صدر ٹرمپ کا دورہ چین: ایک ٹریلین ڈالر مالیت کے حامل بڑے کاروباری رہنما ہمراہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…

1 مہینہ ago