کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ کی فراہمی میں ملوث مبینہ ڈرگ کوئین پن انمول عرف پنکی کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ تفتیشی افسر کی جانب سے دائر کردہ نظرثانی کی درخواست پر دیا جس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 12 مئی کو جنوبی جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ تفتیشی افسر انسپکٹر ساجدہ نے سیشن کورٹ میں موقف اختیار کیا کہ پنکی ایک منظم منشیات فروش گروہ کی سرغنہ ہے جو مہنگی منشیات کی ترسیل میں ملوث ہے۔ تفتیش کاروں نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ سے گروہ کے نیٹ ورک اور دیگر اہم معلومات حاصل کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ ناگزیر ہے۔
سیشن جج نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور ملزمہ کا 15 مئی تک جسمانی ریمانڈ دے دیا ہے۔ عدالت نے ویمن جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ملزمہ کو تفتیشی حکام کے حوالے کیا جائے۔ ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر ملزمہ کو دوبارہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پنکی کی گرفتاری کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھی۔ شرجیل میمن نے الزام عائد کیا کہ پنکی پورے پاکستان میں منظم منشیات کا نیٹ ورک چلا رہی تھی جس نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمہ کے ساتھ نرمی برتنے والے ذمہ داران کو محکمہ داخلہ پہلے ہی معطل کر چکا ہے۔ شرجیل میمن نے عزم ظاہر کیا کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…