پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کینیڈا میں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یوم سیاہ کشمیر منایا گیا۔
اس حوالے سے کینیڈا کے اہم شہروں وینکوور اور مانٹریال میں پاکستانی اور کشمیری افراد نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حق خود ارادیت کی حمایت میں مظاہروں اور ویبی نارز کا اہتمام کیا گیا جن میں شرکت کرتے ہوئے مقامی پاکستانی اور کشمیری تنظیموں نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم بند کرنے کے لیے کینیڈا کی حکومت اور عالمی برادری پر بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھانے پر زور دیا۔
یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ایک اہم تقریب کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں پاکستان ہائی کمیشن میں منعقد ہوئی جس میں کشمیر کمیٹی اٹاوا کے عہدہ داران اور ارکان کے علاوہ عام پاکستانی کینیڈین شہریوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے تصاویری نمائش اور ڈاکیومنٹری کا اہتمام کیا گیا اور صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے بیانات پڑھ کر سنائے گئے۔
علاوہ ازیں مقامی جنوبی ایشائی میڈیا نے بھی یوم سیاہ کشمیر کی مناسبت سے خصوصی پروگرام اور ڈاکیمنٹریز نشر کیں۔قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید اور قونصل جنرل آف پاکستان مانتڑیال نے مختلف ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں شرکت کی اور یوم سیاہ کشمیر کی اہمیت اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستانی حکومت اور عوام کی حمایت کا اعادہ کیا۔