مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگ کے باعث سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی گراوٹ دیکھی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں رواں سال کے دوران حاصل کیے گئے تمام تر فوائد دم توڑ گئے ہیں۔ ایک وقت میں ریکارڈ بلندیوں کو چھونے والی سونے کی قیمتیں اب کافی نیچے آ چکی ہیں۔
اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے اسکوپ مارکیٹس کے چیف مارکیٹ اینالسٹ جوشوا ماہونی کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے نقد رقم کے حصول کے لیے اثاثوں کی تیزی سے فروخت نے سونے کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔ سرمایہ کاروں نے گزشتہ ایک سال کے دوران سونے کی قیمتوں میں ہونے والے نمایاں اضافے کے بعد سب سے پہلے اسی دھات کو فروخت کرنے کو ترجیح دی ہے۔
آبنائے ہرمز کی بندش اور خلیجی توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ سرمایہ کار ڈالر کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے سونا اور چاندی فروخت کر رہے ہیں تاکہ توانائی کی خریداری کے لیے درکار رقوم کا بندوبست کیا جا سکے۔
اس وقت سونے کی قیمت 4550 ڈالر فی اونس کے قریب ہے، جبکہ رواں سال کے اوائل میں یہ قیمت 5500 ڈالر کی بلند ترین سطح سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔ اس اضافے کی وجہ یوکرین اور غزہ کی جنگ کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیرف میں اضافے جیسے جیو پولیٹیکل عوامل تھے۔
اے جے بیل کے تجزیہ کار رس مولڈ کے مطابق سونا کوئی منافع نہیں دیتا، اس لیے ایسے ماحول میں جہاں نقد رقم پر بہتر ریٹرن ملنے کا امکان ہو، سرمایہ کاروں کے لیے سونا کم کشش رکھتا ہے۔ خدشہ ہے کہ توانائی کی بڑھتی قیمتیں افراط زر کو ہوا دیں گی جس کے بعد امریکی فیڈرل ریزرو سمیت دیگر مرکزی بینک شرح سود میں اضافہ کر سکتے ہیں، جس سے ڈالر اور امریکی سرکاری بانڈز زیادہ پرکشش ہو جائیں گے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال نے دبئی کے راستے سونے اور چاندی کی نقل و حمل کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ دبئی عالمی سطح پر دھاتوں کی تجارت کا ایک اہم مرکز ہے جو دنیا بھر کی 20 فیصد سپلائی کو سنبھالتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لندن سے ایشیا کی جانب سونے کی روایتی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا ہو چکی ہیں۔
کیپیٹل اکنامکس کے ماہر معاشیات حماد حسین کا کہنا ہے کہ دو ماہ کے اندر قیمتوں میں دوسری بار آنے والی اس تیز گراوٹ نے محفوظ اثاثے کے طور پر سونے کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ یہ طلب وقتی طور پر التوا کا شکار ہے، لیکن اس کے اثرات قلیل مدتی بنیادوں پر قیمتوں کو مزید نیچے لے جا سکتے ہیں۔
تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے…
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی یعنی پلڈاٹ نے قومی سلامتی کمیٹی کی…
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ ایک…
امریکی اسکیئر میکیلا شیفرین نے ناروے میں جاری سیزن کی آخری ریس میں جرمن حریف…
لندن میں یہودی برادری کی چار ایمبولینسوں کو نذر آتش کرنے کے واقعے کے سلسلے…
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس…