تائیوان کی مرکزی اپوزیشن جماعت کومنٹانگ کی سربراہ چینگ لی وون منگل کے روز چین پہنچ گئی ہیں۔ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب بیجنگ اور تائیوان کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور تائیوانی حکومت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین اس دورے کے ذریعے امریکہ سے ہونے والی تائیوان کی دفاعی خریداریوں کو روکنے کی کوشش کرے گا۔
چینگ لی وون گزشتہ ایک دہائی میں چین کا دورہ کرنے والی اپنی جماعت کی پہلی سربراہ ہیں۔ انہوں نے امریکہ جانے سے قبل چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔ کومنٹانگ پارٹی تائیوان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات کی حامی ہے، جبکہ چین تائیوان کو اپنا حصہ قرار دے کر اسے طاقت کے ذریعے اپنے ساتھ ملانے کی دھمکیاں دیتا رہا ہے۔
شنگھائی پہنچنے پر میڈیا کے سامنے بات کرتے ہوئے کومنٹانگ کی سربراہ کا کہنا تھا کہ تائیوان کو جنگ سے بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا تحفظ ہی دراصل تائیوان کا تحفظ ہے اور دونوں جانب سے باہمی اعتماد کو مرحلہ وار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
تائیوان کے سرکاری ادارے برائے چین پالیسی نے خبردار کیا ہے کہ بیجنگ اس دورے کو تائیوان کی امریکہ سے فوجی خریداری اور دیگر ممالک کے ساتھ تعاون کو متاثر کرنے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ تاہم، چینگ لی وون نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ مکمل طور پر خطے میں امن و استحکام کے لیے ہے اور اس کا دفاعی سودوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تائیوانی پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے ایک اعشاریہ دو پانچ ٹریلین تائیوانی ڈالر کے دفاعی بجٹ پر اپوزیشن کا سخت مؤقف برقرار ہے، جس کی وجہ سے یہ منصوبہ مہینوں سے تعطل کا شکار ہے۔ چینگ لی وون اپنے چھ روزہ دورے کے دوران شنگھائی، نانجنگ اور بیجنگ جائیں گی جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گی۔
چین اور تائیوان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطے اس وقت منقطع ہو گئے تھے جب سن دو ہزار سولہ میں ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کی سائی انگ وین نے صدارتی انتخاب جیتا تھا۔ اس کے بعد سے چین کی جانب سے تائیوان کے قریب جنگی جہازوں اور بحری بیڑوں کی مسلسل نقل و حرکت کے باعث خطے میں فوجی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ دورہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے متوقع دورے سے ایک ماہ قبل ہو رہا ہے۔ امریکہ تائیوان کی اپوزیشن پر زور دے رہا ہے کہ وہ دفاعی خریداریوں کے منصوبے کی حمایت کرے۔ تائیوان کی اپوزیشن سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ تائیوان کے مضبوط دفاع کی حامی ہیں، تاہم ان کے نزدیک تائیوان کو بیجنگ اور واشنگٹن میں سے کسی ایک کے انتخاب پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کے وکیل بیرسٹر سلمان…
روس کے علاقے ولادیمیر میں یوکرین کے ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان…
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین صدیوں پر…
ناسا کے آرٹیمس ٹو مشن نے انسانی خلائی سفر میں ایک نیا سنگ میل عبور…
پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم…
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج منگل کے روز عالمی یوم صحت منایا جا رہا…