کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینل نے خبردار کیا ہے کہ ان کا ملک کسی بھی ممکنہ امریکی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلسل بڑھتے ہوئے دباؤ کے تناظر میں ہوانا میں بے آف پگز پر امریکی حملے کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیوبا تصادم نہیں چاہتا، تاہم اس سے بچنے کے لیے تیاری کرنا ان کا فرض ہے اور اگر یہ ناگزیر ہوا تو اسے جیتنا ہی واحد راستہ ہے۔
امریکی صدر کی جانب سے وینزویلا کے رہنما نکولس مادورو کے اقتدار کے خاتمے اور ایران کے خلاف سخت موقف اپنانے کے بعد سے کیوبا مسلسل کسی ممکنہ جارحیت کے خدشے میں مبتلا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات تاحال کسی ٹھوس نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔
سابق صدر راؤل کاسترو کی صاحبزادی ماریلا کاسترو کا کہنا ہے کہ کیوبا واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کا حامی ہے لیکن اپنے سیاسی نظام پر کسی قسم کی بحث یا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس مذاکراتی عمل میں راؤل کاسترو بالواسطہ طور پر شامل ہیں جبکہ ان کے پوتے کرنل راؤل روڈریگز کاسترو مذاکرات کاروں میں شامل ہیں۔
صدر ڈیاز کینل نے موجودہ صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیا تاہم انہوں نے 1961 کے سوشلسٹ انقلاب کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کیوبا کو ناکام ریاست قرار دینے کے امریکی بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیوبا ناکام نہیں بلکہ ایک محصور ریاست ہے۔
وینزویلا میں تبدیلی کے بعد صدر ٹرمپ کی جانب سے کیوبا پر تیل کی ناکہ بندی نے جزیرے کے معاشی اور توانائی کے بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ کیوبا کا موقف ہے کہ اس کے معاشی مسائل کی بنیادی وجہ طویل عرصے سے جاری امریکی تجارتی پابندیاں ہیں۔
تقریب میں شریک 82 سالہ ماریا ریگوئیرو نے کہا کہ کیوبا کے عوام 1961 کی طرح آج بھی اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی قیمت پر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ سن 1961 میں سی آئی اے کے زیر تربیت 1400 افراد نے بے آف پگز پر حملہ کیا تھا جسے کیوبن فورسز نے ناکام بنا کر امریکہ کو تاریخی شکست سے دوچار کیا تھا۔
آسٹریلیا نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی میں کسی بھی قسم کی شمولیت سے انکار…
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ میں جاری انطالیہ ڈپلومیسی…
نیٹو کے رکن ملک ایسٹونیا کے وزیر دفاع ہانو پیوکر نے کہا ہے کہ انہیں…
واشنگٹن میں جاری عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے موسم بہار کے اجلاسوں کے…
ہالی وڈ کی مشہور ترین فلمی فرنچائز ایوینجرز کے مرکزی کرداروں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور…
انڈونیشیا کے صوبے ویسٹ کالی مانتان میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر کے ایک افسوسناک…