برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع ایک یہودی عبادت گاہ (سنیگوگ) کو آتش زنی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے، جو ایک ہفتے کے دوران اسی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے۔ حکام کے مطابق شمالی لندن کے علاقے ہیرو میں واقع کینٹن یونائیٹڈ سنیگوگ میں ہفتے کی شب آگ لگائی گئی جس سے عمارت کے ایک کمرے کو معمولی نقصان پہنچا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ گشت پر مامور اہلکاروں نے عمارت کی کھڑکی کو ٹوٹا ہوا پایا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ کسی نامعلوم شخص نے کھڑکی کے ذریعے آتش گیر مادہ بھری بوتل اندر پھینکی، جس سے کمرے میں دھواں بھر گیا۔ واقعے کے بعد فارنزک ماہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔
برطانیہ کے چیف ربی افرائیم میروس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہودی برادری کے خلاف تشدد اور دھمکیاں دینے کی منظم مہم زور پکڑ رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم معاشرے کو اس سنگین صورتحال کا ادراک کرنا ہوگا۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قابل نفرت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہودی برادری پر حملے دراصل برطانیہ پر حملے کے مترادف ہیں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
لندن پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ نے حالیہ ایک ماہ کے دوران یہودی املاک کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہودی آبادی والے علاقوں میں سیکیورٹی گشت بڑھا دی گئی ہے۔ اس سے قبل جمعہ کی شب ہینڈن میں ایک سابقہ یہودی چیریٹی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ بدھ کے روز فنچلی میں ایک سنیگوگ پر حملے کے شبے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
سائٹ انٹیلی جنس گروپ کے مطابق، ایک غیر معروف گروہ حرکت اصحاب الیمین الاسلامیہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کمیونٹی سیکیورٹی ٹرسٹ کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران برطانیہ میں یہود دشمنی کے 3700 واقعات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جو تنظیم کی تاریخ میں دوسری بلند ترین سطح ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…