غزہ کی پٹی میں منگل کے روز اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نو سالہ بچے سمیت تین فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مشرقی حصے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں نو سالہ عادل النجار ہلاک ہوا، جبکہ غزہ سٹی میں ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے ان واقعات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ ناصر ہسپتال کے مردہ خانے میں اہل خانہ نے نو سالہ عادل النجار کی میت وصول کی، جہاں خواتین کی چیخ و پکار اور غم کا سماں تھا۔ لواحقین نے بتایا کہ بچہ کھانا پکانے کے لیے گتے اکٹھا کر رہا تھا کیونکہ اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے باعث غزہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اور اسرائیل کی جانب سے کوکنگ گیس کی ترسیل پر بھی سخت پابندیاں عائد ہیں۔
عادل النجار کی رشتہ دار صابرین النجار نے کہا کہ ہمارے پاس گیس نہیں ہے، بچے کھانا اور پانی مانگتے ہیں اس لیے ہمیں گتے اکٹھا کرنے پڑتے ہیں۔ ایک اور رشتہ دار صہیب النجار نے غم سے نڈھال ہو کر سوال کیا کہ کیا یہ شرمناک نہیں ہے کہ ہم روزانہ اپنے بچوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے دفن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ان بچوں کے لیے ٹکڑے ٹکڑے ہو رہے ہیں۔
اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود غزہ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیل کی جانب سے تقریباً روزانہ کی بنیاد پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ مقامی طبی حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 800 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اسی عرصے کے دوران چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 72 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام کے مطابق سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں میں 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل اور حماس دونوں ہی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ایک دوسرے کو ٹھہراتے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…