ایران میں حکام نے جاسوسی کے الزامات کے تحت تہران کی ایک ممتاز یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ طالب علم کو پھانسی دے دی ہے۔ عدلیہ کی ویب سائٹ میزان آن لائن کے مطابق انتیس سالہ عرفان شکورزادہ کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد کے ساتھ مبینہ تعاون کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔
ناروے میں قائم انسانی حقوق کی تنظیموں ایران ہیومن رائٹس اور ہینگاو نے انکشاف کیا ہے کہ مقتول طالبعلم ایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ایرو اسپیس انجینئرنگ کے اعلیٰ سطحی طالب علم تھے۔ ہینگاو کے مطابق عرفان شکورزادہ کو فروری دو ہزار پچیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں تہران کی ایون جیل سے گیزل حصار جیل منتقل کر کے پیر کی صبح پھانسی دی گئی۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ عرفان شکورزادہ کو ساڑھے آٹھ ماہ تک قید تنہائی میں رکھا گیا اور شدید جسمانی و نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنا کر جھوٹے اعترافی بیانات دینے پر مجبور کیا گیا۔ پھانسی سے قبل جیل سے منظر عام پر آنے والے ایک نوٹ میں مقتول نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تشدد کے باعث جھوٹا اعتراف کیا تھا۔
سرکاری میڈیا میزان کا کہنا ہے کہ مقتول سیٹلائٹ ٹیکنالوجی پر کام کر رہے تھے اور انہوں نے غیر ملکی ایجنسیوں کو حساس معلومات فراہم کی تھیں۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ ان کے اعترافی بیانات پیر کی شام سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے جائیں گے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کے اعداد و شمار کے مطابق فروری کے اواخر سے اب تک جاسوسی کے الزام میں یہ پانچویں پھانسی ہے۔ اس کے علاوہ رواں سال جنوری کے احتجاج اور دیگر سیاسی الزامات کے تحت بھی بڑی تعداد میں سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔
عالمی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایران داخلی اور خارجی تناؤ کے دوران معاشرے میں خوف پھیلانے کے لیے سزائے موت کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ ہیومن رائٹس گروپس کے مطابق چین کے بعد دنیا بھر میں سب سے زیادہ پھانسیاں ایران میں دی جاتی ہیں اور رواں سال دو ہزار چھبیس میں اب تک کم از کم ایک سو نوے افراد کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کنفیڈریشن…
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس میں…
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ون ڈے انٹرنیشنل ٹیموں کی سالانہ درجہ بندی جاری کر…
لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب…
سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما…
پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹ میں پیر کے روز سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ…