کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا کے مصروف ترین کمرشل حصے میں پاکستان کے مشہور اور روایتی ٹرک آرٹ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ اور اٹاوا شہر کے میئر جم واٹسن کے علاوہ شہر کے کونسلروں،کینیڈین حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاکستانی فنکاروں کو شہر کی ایک مصروف شاہراہ پر واقع ایک بلند دیوار پر پاکستان ٹرک آرٹ کی نمائندہ خوبصورت، رنگ برنگی پھول پتیاں،نمونہ جات اور نقش و نگار بناتے ہوئے دیکھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان کا ٹرک آرٹ ہماری ثقافت اور سماجی ڈھانچے کا اہم ترین جزو بن چکا ہے اور اب یہ فن ٹرکوں اور بسوں سے گھروں کی دیواروں اور آرٹ گیلریوں سے ہوتا ہوا اپنی خوبصورتی اور دیدہ زیب رنگوں کے بدولت دنیا بھر میں آرٹ کے دلدادہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین گرمجوشی پر مبنی قریبی اور مضبوط تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچھترویں سالگرہ منا رہے ہیں جسے بھرپور انداز سے منانے اور کینیڈا میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ٹرک آرٹ نمائشوں سمیت دیگر کئی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بھی دونوں ملکوں کے مابین پل کا کردار ادا کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح کینیڈا میں مقیم پاکستانی اور پاکستان نژاد کینیڈینز پاکستان کا اثاثہ ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اٹاوا شہر کے میئر جم واٹسن نے دارلحکومت کی اور شہر کی مشہور شاہراہ پر مقامی آبادی اور سیاحوں کی دلچسپی کے لیے پاکستانی ٹرک آرٹ کا ایک دیدہ زیب نمونہ تیار کرنےپر پاکستان ہائی کمیشن اور پاکستانی فنکاروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نےاپنے خطاب میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین تعلقات کو بہت مضبوط اور مثبت قرار دیا۔
اس سے قبل کینیڈا کے سینٹ میں بھی پاکستان ٹرک آرٹ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں لگ بھگ دو درجن کینیڈین سینٹر ز اور ارکان پارلیمان نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام پاکستان نژاد کینیڈین سینٹر اور کینیڈین سینٹ میں انسانی حقوق کی کمیٹی کی چیئر پرسن سینٹر سلمیٰ عطا اللہ جان اور پاکستان ہائی کمیشن نے مشترکہ طور پر کیا ۔تقریب کے دوران کینیڈین سینٹرز نے پاکستانی فنکاروں کے ہنر کو سراہنے کے علاوہ ٹرک آرٹ پر مبنی تصاویر کی تیاری میں بھی حصہ لیا ۔
کینیڈا کے دارلحکومت میں پاکستانی ٹرک آرٹ کی نمائش کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا اور پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام کینیڈین پارلیمنٹ میں ٹرک آرٹ کی نمائش ہو گی جس کے بعد پاکستانی فنکاروں کی ٹیم ٹورنٹو اور کینیڈا کے دیگر شہروں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔