اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے پیرس معاہدے کے تحت ناروے کے ساتھ کاربن مارکیٹ کا پہلا دو طرفہ معاہدہ طے کر لیا ہے جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور مالی معاونت کے دروازے کھولنا ہے۔ اس اہم پیش رفت کا اعلان بدھ کے روز ایک سرکاری بیان میں کیا گیا۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے زیر اہتمام طے پانے والے اس مفاہمتی یادداشت کے تحت پاکستان کاربن کریڈٹ کے منصوبے تیار کرے گا اور اخراج میں کمی کے نتائج ناروے کو منتقل کر سکے گا۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک نے اس معاہدے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے کاربن مارکیٹ کی تیاری سے عملی نفاذ کی جانب منتقلی کا نقطہ آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 6.2 کے تحت یہ پہلا دو طرفہ معاہدہ ہے جو موسمیاتی شعبوں میں بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔
اس انتظام کے تحت پاکستان قابل تجدید توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبوں کے ذریعے کاربن کریڈٹ پیدا کر سکے گا جنہیں بین الاقوامی سطح پر منتقل شدہ تخفیف کے نتائج یعنی آئی ٹی ایم اوز کے طور پر تجارت میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کاربن مارکیٹوں کو پاکستان جیسے ممالک کے لیے معاشی اہداف کے حصول، روزگار کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کا ذریعہ بننا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت گزشتہ برس جنوری میں کاربن ٹریڈنگ کے لیے قومی پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری دے چکی ہے اور اب مارکیٹ کو فعال کرنے کے لیے ریگولیٹری نظام قائم کیا جا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ناروے کے سفیر پیر البرٹ الساس نے کہا کہ یہ معاہدہ ماحولیاتی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور یہ شراکت داری ٹھوس نتائج اور ترقیاتی فوائد کا باعث بنے گی۔
نارویجن سفیر نے واضح کیا کہ ان کا ملک 2030 تک کلائمیٹ نیوٹرل ہونے کا ہدف رکھتا ہے اور یہ خریداری ان کے قومی اہداف سے ہٹ کر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ناروے کا 1.5 ارب ڈالر کا گلوبل ایمیشن ریڈکشن انیشی ایٹو پاکستان جیسے شراکت دار ممالک کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناروے انفرادی منصوبوں کے بجائے قابل تجدید توانائی، صنعت اور زراعت جیسے بڑے پیمانے کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی کم کاربن والی ترقی کے اہداف کے حصول اور موسمیاتی فنانس تک رسائی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ماسکو نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان ممالک کا سفر کرنے…
وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں انتظامی سطح پر بڑی تبدیلی کرتے ہوئے سہیل اشرف…
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں…
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بدھ کے روز نوعمر افراد کے لیے بینکنگ اکاؤنٹس اور…
واشنگٹن (خبر رساں ادارے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا ایران…
پاکستان بحریہ اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے مابین مشترکہ بحری مشقیں سی…