وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی تحویل میں موجود پاکستانیوں یا اپنے ہی لوگوں کو استعمال کر کے انہیں دہشت گرد قرار دینے کا ڈرامہ رچانے کی تیاری کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت یہ گھنونی سازش مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے فعال اور مصالحانہ کردار سے پیدا ہونے والی مایوسی کے باعث کر رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ بھارتی حکام جیلوں سے بے گناہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کو اکٹھا کر رہے ہیں جبکہ ڈرامے کو حقیقت کا رنگ دینے کے لیے کچھ بھارتی قیدیوں کو بھی اس سازش کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر بھارت نے ایسی کوئی کوشش کی تو پاکستان بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ ہم اس کارروائی کو کولکتہ تک لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس طرح ایک سال قبل ہماری فضائیہ نے ان کی حدود کے اندر جا کر کارروائی کی تھی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایک سال قبل بھی بھارت کو عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور آج بھی ان کے اپنے لوگ حکومتی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنے اندرونی بحرانوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے من گھڑت ڈرامے رچاتا ہے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مسلم دنیا میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو یکجا ہونے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے اور پاکستان اس حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اس سے قبل وزیر دفاع نے اپنے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو سیاسی مفادات کے لیے اشتعال انگیزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کی برسی سے قبل بھارت کا یہ بیانیہ ان کی تزویراتی گھبراہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے کے دوران 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد سے بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔
تہران (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ تہران…
گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب…
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر موٹر سائیکل سواروں اور…
روس اور یوکرین کے مابین شدید حملوں کا تبادلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں…
روس کی سرکاری جوہری کمپنی روس ایٹم نے ایران کے شہر بشہر میں واقع جوہری…
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں پانچ سے نو اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور…