لاہور کے کینال روڈ پر مجوزہ الیکٹرک ٹرام منصوبہ تاحال التوا کا شکار ہے جس کے باعث جدید اور ماحول دوست سفری سہولت کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے رواں برس اس منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا اور ابتدائی ٹرائل رن بھی مکمل کیا گیا تھا تاہم تکنیکی اور ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے کام کی رفتار سست پڑ گئی ہے۔
منصوبے میں سب سے بڑی رکاوٹ ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے پیدا ہوئی ہے۔ لاہور بچاؤ کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ وہ ٹرام ٹریک کی تعمیر کے لیے درختوں کی کٹائی کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ ان کا موقف ہے کہ یہ منصوبہ شہر کی قدرتی خوبصورتی اور ماحولیات کے لیے خطرہ ہے اور حکومت کو متبادل راستوں پر غور کرنا چاہیے۔
شہریوں کی ایک بڑی تعداد اس منصوبے کی جلد تکمیل کی خواہشمند ہے۔ مقامی رہائشی کاشف طارق کا کہنا ہے کہ عوام اس حکومتی اقدام کے منتظر ہیں لیکن تاحال عملی نتائج سامنے نہیں آ سکے۔ جوہر ٹاؤن کے رہائشی عامر محمود کے مطابق لاہور میں بسوں کی کمی کے پیش نظر ٹرام کا منصوبہ ایک بہترین قدم ثابت ہو سکتا ہے جو شہریوں کو سفری سہولت کے ساتھ ساتھ تفریحی مناظر بھی فراہم کرے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں اس وقت پندرہ سو بسوں کی کمی ہے جس کے باعث شہریوں کو ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹرام سروس کے اجرا سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
منصوبے پر اربوں روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں ٹریک کی تعمیر، سٹیشنوں کا قیام اور بیرون ملک سے جدید ٹراموں کی درآمد شامل ہے۔ حکام کے مطابق چین اور یورپی ممالک کے ساتھ ٹراموں کی خریداری پر بات چیت جاری ہے تاہم مالی وسائل کی کمی اور تکنیکی مسائل پیش رفت میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
سول سوسائٹی کے سربراہ عبداللہ ملک کا کہنا ہے کہ کینال روڈ کے اطراف موجود قدیم اور گھنے درخت اس منصوبے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق سیکڑوں درختوں کا خاتمہ شہر کے درجہ حرارت میں اضافے اور آلودگی کا باعث بنے گا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ ختم نہیں ہوا بلکہ اس پر نظر ثانی کی جا رہی ہے تاکہ ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے۔ حکام کے مطابق متبادل شجرکاری بھی زیر غور ہے۔ ستائیس کلومیٹر طویل اس ٹریک پر ٹرام تین سو سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرے گی اور منظوری کے بعد اس منصوبے کو ایک سال کے عرصے میں مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
سابق وزیر خارجہ خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے…
جمعیت علمائے اسلام ف کے ترجمان اسلم غوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ…
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کو…
پاکستان کے معروف پاپ گلوکار حسن جہانگیر کا مقبول ترین گیت ہوا ہوا ایک بار…
برطانیہ کی حکومت نے چاگوس جزائر پر خودمختاری ماریشس کے حوالے کرنے کے معاہدے کو…
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ہفتے کے روز لنڈی کوتل میں قائم افغان…