یوکرین کے زیر قبضہ علاقوں میں روس کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور توسیعی منصوبوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کا مقصد ان خطوں کو روس کے ساتھ مزید مربوط کرنا ہے۔ سیٹلائٹ تجزیوں اور سرکاری دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ سنہ 2022 سے 2025 کے دوران مقبوضہ علاقوں اور ملحقہ روسی خطوں میں ڈھائی ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکیں اور ریل کی پٹریاں تعمیر یا مرمت کی گئی ہیں۔
یوکرینی جنگجوؤں کی جانب سے روسی سپلائی لائنوں، ایندھن کی ترسیل کے راستوں اور ریل نیٹ ورک کو بارہا نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم یوکرینی حکام کا اعتراف ہے کہ ان کارروائیوں کا روسی لاجسٹک نیٹ ورک کی مجموعی توسیع پر اثر محدود رہا ہے۔
کریملن کی جانب سے ان علاقوں کو نووروسیا کا نام دے کر طویل مدتی منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں جنوبی روس کو مقبوضہ علاقوں کے ذریعے کریمیا سے ملانے والا ریل کوریڈور اور متوازی ہائی وے نیٹ ورک شامل ہیں، جن کا مقصد فوجی نقل و حمل اور تجارتی سامان کی ترسیل کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ 630 کلومیٹر طویل شاہراہ پر بھی کام جاری ہے جو مقبوضہ علاقوں کے اہم شہروں کو روس اور کریمیا سے جوڑے گی۔
روسی حکام نے ان علاقوں میں انفراسٹرکچر کے لیے بھاری فنڈز مختص کیے ہیں اور سڑکوں، پلوں اور انجینئرنگ کے درجنوں ٹھیکے دیے گئے ہیں۔ بحیرہ ازوف کی بندرگاہوں ماریوپول اور بردیانسک کو بھی فعال اور توسیع دی جا رہی ہے تاکہ کارگو کی گنجائش بڑھائی جا سکے۔
یہ پیش رفت روس کی جانب سے ڈونیٹسک، لوہانسک، زاپوروزیہ اور خیرسون کے الحاق کے دعووں کے بعد سامنے آئی ہے۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ تعمیرات کی یہ رفتار 2014 میں کریمیا کے الحاق کے بعد ہونے والی تعمیرات سے کہیں زیادہ تیز ہے۔
روس ان علاقوں میں قدرتی وسائل کے حصول کے لیے کان کنی کے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے۔ دوسری جانب یوکرین اور اس کے مغربی اتحادیوں نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قبضہ قرار دیا ہے۔ تاہم کریملن کا موقف ہے کہ یہ خطے روس کا حصہ ہیں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا مقصد معاشی بحالی اور علاقائی انضمام ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے بائیس برس قبل کسٹمز حکام کی جانب سے ضبط کی گئی…
اسلام آباد میں جاری امریکہ اور ایران کے مابین مذاکرات کے دوران بھارتی میڈیا کے…
فرانس کے مشرقی علاقے میں حکام نے ایک نو سالہ بچے کو بازیاب کروا لیا…
چین اور شمالی کوریا نے عالمی اور علاقائی سطح پر درپیش غیر یقینی صورتحال کے…
پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ ایک نئی تنازع کی زد میں آ گئے ہیں۔ یہ تنازع…
پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے حماس نے…