ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا دورہ عمان کے بعد آج دوبارہ پاکستان آمد کا امکان

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی عمان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اتوار کے روز دوبارہ پاکستان پہنچیں گے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ اپنے دورہ روس سے قبل اسلام آباد کا ایک اور دورہ کریں گے جس کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مشاورت کو آگے بڑھانا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد کا ایک حصہ تہران واپس گیا تھا تاکہ جنگ بندی اور دیگر متعلقہ امور پر ضروری ہدایات حاصل کی جا سکیں، یہ وفد اتوار کی شب اسلام آباد میں عباس عراقچی سے دوبارہ ملاقات کرے گا۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں عباس عراقچی نے پاکستان کے دورے کو انتہائی ثمر آور قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کی جانب سے جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے ایک قابل عمل فریم ورک پاکستان کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کے کردار اور برادرانہ کوششوں کو سراہا۔

امریکی ارادوں کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا امریکہ سفارت کاری کے معاملے میں سنجیدہ ہے یا نہیں۔

پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ آٹھ ہفتوں سے جاری جنگ کو ختم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں وزیر خارجہ نے ہفتے کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ اس سے قبل دو ہفتے قبل اسلام آباد میں مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جو کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام رہا تھا۔ یہ تنازع اٹھائیس فروری کو شروع ہوا تھا جس کے بعد آٹھ اپریل کو پاکستان کی ثالثی میں دو ہفتے کی جنگ بندی ہوئی تھی جسے بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے توسیع دی تھی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر کا طے شدہ دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے۔ فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے وفد کو سفر سے روک دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ امریکہ کے پاس تمام کارڈز موجود ہیں، ایران جب چاہے رابطہ کر سکتا ہے لیکن اب مزید طویل پروازیں کر کے بے نتیجہ مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات سے انکار کر رکھا ہے اور کہا ہے کہ تمام تحفظات پاکستان کے ذریعے پہنچائے جائیں گے۔ مذاکرات میں اہم رکاوٹوں میں آبنائے ہرمز کی صورتحال، ایرانی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی اور ایران کی یورینیم افزودگی کے معاملات شامل ہیں۔

ویب ڈیسک

Recent Posts

تائیوان کا تنازعہ: ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات میں سب سے اہم ایشو

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…

4 ہفتے ago

پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کے لیے پارٹی رہنماؤں کی فہرست اڈیالہ جیل حکام کے حوالے

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…

4 ہفتے ago

اسکاٹ ریٹر کی جانب سے پاکستان کو نوبل انعام دینے کی حمایت

اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…

4 ہفتے ago

گلگت بلتستان میں دانش اسکولوں کا قیام: خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…

4 ہفتے ago

کراچی: پانی چوری روکنے والا پولیس اسٹیشن خود کرپشن کے الزامات کی زد میں

کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…

4 ہفتے ago

امریکی صدر ٹرمپ کا دورہ چین: ایک ٹریلین ڈالر مالیت کے حامل بڑے کاروباری رہنما ہمراہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…

4 ہفتے ago