امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر خلیج میں امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تو واشنگٹن کی جانب سے سخت ردعمل دیا جائے گا۔ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ پروجیکٹ فریڈم کے تحت کام کرنے والے کسی بھی امریکی جہاز پر حملے کی صورت میں امریکا فیصلہ کن جوابی کارروائی کرے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس جدید ترین ہتھیار اور سازوسامان موجود ہے اور وہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران مذاکرات میں کچھ لچک کا مظاہرہ کر رہا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
آبنائے ہرمز میں امریکی فوجی سرگرمیوں کو صدر ٹرمپ نے ایک عظیم فوجی حکمت عملی قرار دیا۔ اسی دوران پیر کے روز آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کی شپنگ کمپنی ایچ ایم ایم کے ایک کارگو جہاز میں آگ لگنے اور دھماکے کا واقعہ پیش آیا۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پناما کے پرچم بردار جہاز ایچ ایم ایم نامو کے انجن روم میں آگ لگی، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کمپنی کے مطابق جہاز پر عملے کے 24 ارکان سوار تھے جن میں چھ کوریائی شہری بھی شامل ہیں، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جنوبی کوریا کی حکومت ان خفیہ اطلاعات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا جہاز پر حملہ کیا گیا تھا۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے جہازوں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔
امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ان کے دو گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائرز نے خلیج میں ایرانی ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے پیش قدمی کی ہے، جبکہ دو امریکی تجارتی جہاز بھی آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک امریکی جنگی جہاز کو خلیج میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے جنوبی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے قریب جہاز رانی کے تحفظ کے لیے امریکی کوششوں میں شامل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹ منگل کے روز جوائنٹ چیفس کے چیئرمین ڈین کین کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کریں گے۔ جنوبی کوریا کے مطابق اس وقت ان کے 26 جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں۔
روس نے یوکرین کے خلاف آٹھ اور نو مئی کو یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان…
امریکی فوج نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو بحال کرنے کے لیے جاری…
ماسکو میں روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن نے دوسری…
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور برطانوی سیکریٹری خارجہ ایویٹ کوپر…
روس نے گریٹ پیٹریاٹک وار میں سوویت عوام کی فتح کی یادگار تقریبات کے پیش…
بھارتی ریاست مغربی بنگال کے انتخابات میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے بڑی کامیابی…